’سفارتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت‘
حنا ربانی کھر اس سے قبل فروری 2011 سے مارچ 2013 تک وزیر خارجہ رہ چکی ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے سفارتی محاذ پر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مخلصانہ کوششوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد وزارت خارجہ اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کو وزارت کے مختلف شعبوں کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈاکٹر خالد حسین میمن اور رضا بشیر تارڑ سمیت سپیشل سیکرٹریز اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
قبل ازیں حنا ربانی کھر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئے وزارت خارجہ پہنچیں تو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی حنا ربانی کھر اس سے قبل فروری 2011 سے مارچ 2013 تک وزیر خارجہ رہ چکی ہیں، وہ اس اہم عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔
اس سے قبل وہ وزیر مملکت برائے خزانہ اور اقتصادی امور بھی رہ چکی ہیں۔