Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں کس کے پاس کون سی وزارت کا قلمدان

حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت برائے خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ میں شامل ہونے والے وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور مشیران کو قلمدان سونپ دیے ہیں۔ جس کے بعد وزرا نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالنا شروع کر دیا ہے۔  
احسن اقبال وزارت منصوبہ بندی، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون و انصاف، رانا ثناءاللہ کو وزارت داخلہ، خواجہ سعد رفیق کو ریلویز، مرتضیٰ جاوید عباسی کو پارلیمانی امور کو قلمدان دیا گیا ہے۔  
سید خورشید شاہ آبی وسائل، نوید قمر تجارت، عبدالقادر پٹیل قومی صحت، شازیہ مری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، شیری رحمان موسمیاتی تبدیلی، سید مرتضیٰ محمد انڈسٹریز، ساجد طوری اوورسیز پاکستانیز، احسان مزاری بین الصوبائی رابطہ اور عابد بھائیو کو نجکاری کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔  
 شاہ زین بگٹی کو انسداد منشیات، مولانا اسعد محمود کو مواصلات، مولانا عبدالواسع کو وزرات ہاؤسنگ، مفتی عبدالشکور کو وزارت مذہبی امور اور سینیٹر طلحہ محمود کو وزارت سیفران دی گئی ہے۔  
سید امین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت دی گئی ہے جبکہ مشیران میں مفتاح اسماعیل کو خزانہ، قمر زمان کائرہ کو امور کشمیر کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔  
حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت برائے خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔  
وفاقی وزرا احسن اقبال، مریم اورنگزیب، شاہ زین بگٹی، امین الحق اور دیگر نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔  
احسن اقبال نے دفتر پہنچتے ہی اجلاسوں کا لائحہ عمل سیکرٹری منصوبہ بندی عبد العزیز عقیلی کے ساتھ طے کیا۔ انھوں نے سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی کو آج ہی پی ایس ڈی پی پر مکمل جائزہ اجلاس بلانے کی ہدایات دیں جبکہ سی پیک پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس کل طلب کر لیا۔  

وفاقی وزرا احسن اقبال، مریم اورنگزیب، شاہ زین بگٹی، امین الحق اور دیگر نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

مریم اورنگزیب نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلے پالیسی بیان میں کہا ہے کہ ’پیکا آرڈیننس 2016ء پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا کو فعال بنایا جائے گا۔ ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔‘  
سید امین الحق نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی حیثیت سے فرائض سنبھال لیے۔ وہ اپریل 2020 سے مارچ 2022 تک وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن رہ چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’چاہتے ہیں اپنے اس دور میں وزارت کے جو منصوبے زیر تکمیل ہیں انھیں تیزی سے مکمل کیا جائے۔‘  

شیئر: