Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور کی ضلعی انتظامیہ کا عمران خان کو ویڈیو لنک سے خطاب کا مشورہ

لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے جلسہ کے پیش نظر میٹرو بس اور اورنج ٹرین سروس معطل رکھنے کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مینار پاکستان جلسے میں شرکت نہ کرنے اور ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنے کا کہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے بدھ کو پاکستان تحریک انصاف پنجاب اور لاہور کی قیادت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے موصول ہونے والے تھریٹ الرٹس اور تازہ ترین انٹیلجنس جائزے کی روشنی میں سابق وزیراعظم عمران خان کو گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کرنے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنا چاہیے۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف اپنی رابطہ عوام مہم کے سلسلے کا تیسرا جلسہ جمعرات کو گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان) میں کرے گی۔
جلسے سے عمران خان سمیت  پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔

میٹرو بس اور اورنج لائن سروسز معطل کرنے کی استدعا

دوسری جانب لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے جلسہ کے پیش نظر میٹرو بس اور اورنج ٹرین سروس معطل رکھنے کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے۔
پہلا مراسلہ ایس پی سکیورٹی لاہور کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو لکھا گیا جب کہ دوسرا مراسلہ ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو لکھا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 21 اپریل کو تحریک انصاف لاہور میں جلسہ منعقد کرنے جا رہی ہے جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے تحریک انصاف کے کارکن شرکت کریں گے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے پیش نظر میٹرو بس اور اورنج ٹرین سروسز کو چار بجے سے رات گئے تک معطل کیا جائے۔

شیئر: