مملکت میں منشیات سمگلنگ کی کئی کوششیں ناکام، 120 افراد گرفتار
مملکت میں منشیات سمگلنگ کی کئی کوششیں ناکام، 120 افراد گرفتار
بدھ 20 اپریل 2022 22:52
ملزمان کو قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں سرحدی محافظوں کے ترجمان کرنل مسفر القرینی نے کہا ہے کہ’ مملکت کے مختلف علاقوں میں 2 ٹن سے زیادہ حشیش اور دیگر نشہ آور اشیا کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہیں‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کرنل مسفر القرینی نے بتایا کہ ’سرحدی محافظ پوری مستعدی سے سرحدوں پر ہونے والی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔
بری اور بحری گشتی دستوں نے جازان، نجران، عسیر، الجوف اور تبوک میں 7 لاکھ 8 ہزار 910 نشہ آور گولیوں، دو ٹن 136 کلو گرام حشیش، 80 ٹن 528 کلو گرام قات( نشہ آور پتے) کی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ’ 120 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں 40 سعودی اور 80 سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکی شامل تھے‘۔
پکڑے گئے غیرملکیوں میں سے 47 کا تعلق یمن، 27 کا ایتھوپیا، 2 کا صومالیہ، دو کا مصر اور دو کا پاکستان اور اردن سے تھا۔
ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا۔ ضبط شدہ نشہ آور گولیاں، حشیش اور قات بھی متعلقہ ادارے کی تحویل میں دی گئی ہیں۔