مکہ اور مدینہ ریجنوں میں وزارت تجارت کی 11 ہزار تفتیشی کارروائیاں
تفتیشی مہم کے دوران 770 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں( فوٹو الیوم)
سعودی وزارت تجارت نےمکہ اور مدینہ ریجنوں میں زیورات کی دکانوں، پٹرول سٹیشنوں، تجارتی مراکز اور میقات جانے والی شاہراہوں پر گیارہ ہزار سے زیادہ تفتیشی کارروائیاں کی ہیں۔
الاقتصادیہ کے مطابق رمضان کے ابتدائی پندرہ روز کے دوران تفتیشی مہم تیز کردی گئی ہے تاکہ زائرین کو مطلوبہ اور معیاری اشیا وافر مقدار میں مہیا ہوں اور ان سے حد سے زیادہ نرخ وصول نہ کیے جائیں۔
وزارت تجارت کے ماتحت انسپکٹرز کی ٹیموں نے تفتیشی مہم کے دوران 770 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں اور متعلقہ اداروں کے خلاف قانونی اقدامات کیے۔
تفتیشی مہم کے دوران نوٹ کیاگیا کہ مکہ اور مدینہ ریجنوں کی دکانوں، تجارتی مراکز اور دونوں مقدس شہروں تک جانے والی شاہراہوں کی دکانوں اور میقاتوں کے تجارتی مراکز میں کھانے پینے کا سامان اور دیگر مطلوبہ اشیا وافر مقدار میں بھی مہیا ہیں اور معیاری بھی ہیں۔
وزارت تجارت نےبیان میں کہا کہ مکہ و مدینہ ریجنوں، منی، مزدلفہ وعرفات سمیت تمام مقدس مقامات جانے والی شاہراہوں اور میقاتوں پر تفتیشی مہم جاری رکھے گی۔ انسپکٹرز نے تفتیشی مہم تیز کردی ہے۔ اس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔