Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی وزیرستان میں سرحد پار فائرنگ سے تین فوجی اہلکار ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان فوج نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے تین فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے بیان کے مطابق ’سرحد پار افغانستان سے عسکریت پسندوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے دیوگڑ سے پاکستانی فوج پر فائرنگ کی۔‘
’فائرنگ سے پاکستان کے تین فوجی اہلکار حوالدار تیمور، نائک شعیب اور سپاہی ثاقب نواز ہلاک ہوئے۔ ان کا تعلق جہلم، اٹک اور سیالکوٹ سے تھا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان فوج نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا اور مصدقہ رپورٹس کے مطابق عسکریت پسندوں کو بھاری نقصان ہوا۔‘
پاکستان نے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کو اس کے خلاف استعمال کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور امید ظاہر کی کہ افغان حکومت مستقبل میں پاکستان کے خلاف ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ملکی سرحدوں کی دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ’ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ روک تھام کے لیے فوری اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔‘

شیئر: