شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں پانچ عسکریت پسند ہلاک: آئی ایس پی آر
اتوار 20 فروری 2022 17:57
آئی ایس پی آر کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔‘ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ ’شمالی وزیرستان میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اتوار کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ’سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔‘
’شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سپاہی شبیر احمد دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔‘
خیال رہے کہ اگست 2021 میں افغانستان میں طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد پاکستان کے سابق فاٹا کے علاقوں اور بلوچستان میں عسکریت پسنددوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے ساتھ پاکستان کی حکومت نے ایک سیز فائز معاہدہ کیا تھا جسے بعد میں ٹی ٹی پی نے ’شرائط پر عمل درآمد نہ ہونے‘ کی بنیاد پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
ادھر بلوچستان کے ضلع نوشکی اور پپنجگور میں رواں ماہ فروری کے شروع میں فرنٹیئر کور کے ہیڈ کوارٹرز پر حملے ہوئے تھے، پاکستانی فوج نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نوشکی اور پنجگور میں مجموعی طور پر 20 دہشت گرد مارے گئے۔
ان حملوں میں فورسز کے دو افسران سمیت نو اہلکار بھی جان سے گئے۔