Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول، نواز شریف ملاقات: ’جب بھی ہم نے مل کر کام کیا بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں‘

بلاول بھٹو نے لندن میں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نئے میثاق جمہوریت پر غوروفکر کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے آئینی فتح کے بعد آگے بڑھنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جب بھی انہوں نے مل کر کام کیا تو بہت بڑی کامیابی حاصل کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں یہ طے پایا کہ تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ملک کی تعمیر نو کے لیے مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ملاقات میں میثاق جمہوریت پر چھوڑے گئے نامکمل کام کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام جمہوری قوتوں کے اتفاق رائے سے مستقبل کے لیے وسیع روڈ میپ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں یہ طے پایا کہ ملکی نظام میں پیدا ہونے والی خرابیوں کو فوری طور پر درست کیا جائے گا۔ 

شیئر: