Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرینی پناہ گزینوں کی امداد کے لیے 10 ملین ڈالر کے دو معاہدے

عالمی ادارہ صحت اور پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کے ساتھ معاہدے ہوئے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات یوکرین کے پناہ گزینوں کو رہائش اورعلاج معالجے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں 10 ملین ڈالرکی لاگت کے دو معاہدے کیے گئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی موجودگی میں عالمی ادارہ صحت اور پناہ گزینوں کی عالمی ہائی کمشنری کے ساتھ مشترکہ تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ 
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے معاون سربراہ انجینیئر احمد البیز اورعالمی ادارہ صحت کی جانب سے ریجنل ڈائریکٹر ہانز ہینری کلاک اور پناہ گزینوں کی ہائی کمشنری کی جانب سے خالد خلیفہ نے معاہدوں پر دستخط کیے۔ 
 عالمی ادارہ صحت کے ساتھ معاہدے کے تحت یوکرینی پناہ گزینوں کو 50 لاکھ ڈالر لاگت کی صحت امداد فراہم کی جائے گی۔ پناہ گزینوں کی ضروریات کا تعین پولینڈ کے صحت حکام کریں گے۔ 
پناہ گزینوں کو وبا سے بچانے کے  لیے طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس سے دس لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا۔ 
 اقوام متحدہ کے  ماتحت پناہ گزینوں کی ہائی کمشنری سے ہونے والے دوسرے معاہدے کے بموجب یوکرین کے پناہ گزینوں کی بنیادی ضروریات پوری کی جائیں گی۔ 50 لاکھ ڈالر سے ان کی رہائش کے انتظامات ہوں گے۔ اس سے پولینڈ میں پناہ لینے والے 75 ہزار باشندوں کو فائدہ ہوگا۔ انہیں کمبل، گدے، چادریں، لحاف اور دیگر اشیا فراہم کیے جائیں گی۔ 

شیئر: