سعودی ولی عہد کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب روانہ ہوں گے
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی قیادت سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف آج جمعرات کو سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔
یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا پہلا دورہ ہوگا جس میں وفاقی کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ جائے گا۔
بدھ کو پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی قیادت سے ملاقاتیں بھی ہوں گی جن میں باہمی معاشی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سعودی عرب میں پاکستانی ورک فورس کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خسوصی توجہ دی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ رشتے میں بندھے ہیں جو باہمی اعتماد، قریبی تعاون، قدیم روایات اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی بنیاد پر قائم ہے۔ پاکستان کے عوام خادم حرمین الشریفین کو انتہائی عقیدت و احترام سے دیکھتے ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے قدیم باہمی تعلقات کی وجہ سے عالمی اور علاقائی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ سعودی عرب اسلامی کانفرنس تنظیم کے جموں و کشمیر پر رابطہ گروپ کا اہم رکن بھی ہے۔ سعودی عرب 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا گھر بھی ہے جو سعودی عرب اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور معاشی بہتری میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
دونوں ممالک کی جانب سے مسلسل اعلیٰ سطح کے دورے ان خصوصی تعلقات کی اہم خوبی ہیں۔ وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو مزید گہرا بنانے اور باہمی تعاون اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا۔
خیال رہے کہ 16 اپریل کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی۔
دوران گفتگو وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دیں گے، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
اس رابطے کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد دورہ سعودی عرب کی دعوت دی تھی جبکہ وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔