Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع

عدالت نے کہا کہ ’یہ نہ ہو کہ تاریخ پر تاریخ پڑتی جائے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14مئی تک توسیع کر دی ہے۔
بدھ کو سپشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور نومنتخب وزیر اعلی حمزہ شہباز سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔
شہباز شریف کی طرف سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی ہے۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ اس کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی آئندہ سماعت پر اس حوالے سے دلائل دیں گے۔
جس پر عدالت نے کہا کہ ’آئندہ سماعت پر آپ دلائل دیں گے یا پھر فرد جرم عائد ہوگی۔‘
عدالت نے کہا کہ ’یہ نہ ہو کہ تاریخ پر تاریخ پڑتی جائے۔‘
اس کے بعد عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14مئی تک توسیع کر دی۔
بدھ کو حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے عدلیہ سے اچھے کی امید ہے۔ کل ساری قوم نے سن لیا کہ عدالت میں کیا دلائل ہوئے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’تین ہفتے ہونے کو ہیں سب سے بڑے صوبے کا کوئی وزیر اعلیٰ نہیں ہے۔ میرا خیال ہے کہ صدر صاحب اور گورنر کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔ آئین سب سے بڑا ہے انا چھوٹی ہے۔‘
نوم منتخب وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’گورنر اور صدر تاریخ کو داغدار نہ کریں۔ میرا حلف نہ لینے کا ایک ہی آدمی ذمہ دار ہے جس نے آئین توڑا ہے۔ وہ ترتیب دے رہا ہے کہ اداروں پر چڑھ دوڑو عمران نیازی مجرم ہے۔‘

شیئر: