Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا

عرعر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ (فوٹو عاجل)
موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل نے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں بھی بارش ہوتی رہے گی۔  
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے العقیل نے کہا کہ عید کے ابتدائی دنوں میں بارش کا سلسلہ رہے گا پھر رفتہ رفتہ صورتحال معمول پر آنے لگے گی۔  
العقیل نے کہا کہ مملکت کے بعض علاقوں میں درمیانے اور دیگر میں موسلا دھار بارش ہوگی جس سے وادیوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوجائے گی۔  
قومی مرکز نے توجہ دلائی کہ بارش کے ساتھ گرد آلود تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔  
اخبار 24 کے مطابق حدود شمالیہ ریجن کے شہر عرعر میں جمعرات کو پہلے گرد آلود تیز ہوائیں چلتی رہیں اور پھر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔   
گورنر شہزادہ فیصل بن خالد  دن بھر متعلقہ اداروں کو موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایات دیتے رہے اور ان سے بریفنگ لیتے رہے۔  
عرعر شہر میں موسلا دھار بارش کے مناظر پر مشتمل وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل  ہوگئے۔ اس سے قبل صارفین نے گرد آلود تیز ہواؤں کے مناظرپر مشتمل وڈیو کلپ بھی شیئر کیے تھے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: