عید پر پی آئی اے کی سیاحتی مقامات کے لیے پروازیں
اتوار 1 مئی 2022 8:21
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
کراچی سے سکردو کے لیے پی آئی اے کی پرواز چار مئی کو شیڈول ہے (فوٹو: نکول لین)
بیشتر افراد عید کی چند چھٹیاں اپنے خاندان کے ہمراہ سیاحتی مقامات پر گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسی لیے سیاحتی مقامات پر عید کی چھٹیوں کے دوران رش میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز عمومی طور پر عید کی چھٹیوں کے دوران سیاحتی مقامات کے لیے خصوصی پروزیں چلاتی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ رواں سال گلگت بلتستان، سکردو، چترال اور سیدو شریف جیسے سیاحتی مقامات پر پی آئی اے کی شیڈولڈ پروازیں چلائی جائیں گی جو مختلف شہروں سے جائیں گی۔
اسلام آباد سے چلنے والی پروازیں
اسلام آباد سے گلگت کے لیے پی آئی اے 30 اپریل سے 8 مئی تک 20 پروازیں چلائے گا، جس میں روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد سے گلگت کے لیے پروازیں شیڈول ہیں۔
اسلام آباد سے گلگت کے لیے یکطرفہ کرایہ 15 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
سکردو کے لیے بھی عید کی چھٹیوں کے دوران اسلام آباد سے روزانہ ایک پرواز شیڈول کی گئی ہے جس کا یکطرفہ کرایہ 15 ہزار روپے ہے۔
اسلام آباد سے پی آئی اے نے عید کی چھٹیوں کے اختتام پر جمعے کو چترال کے لیے پرواز شیڈول کی ہے۔ اسلام آباد سے چترال کے لیے یکطرفہ کرایہ ساڑھے 9 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔
عید کی چھٹیوں کے دوران اسلام آباد سے سوات کے سیدو شریف کے لیے کوئی پرواز شیڈول نہیں ہے۔
لاہور سے چلنے والی پروازیں
پی آئی اے کی لاہور سے گلگت کے لیے عید کی چھٹیوں کے دوران دو پروازیں شیڈول ہیں۔ 3 اور 6 مئی کو لاہور سے گلگلت کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ سکردو کے لیے بھی دو پروازیں شیڈول کی گئی ہیں جن کا کرایہ 15 ہزار روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔
لاہور سے سیدو شریف سوات کے لیے 6 مئی کو ایک پرواز ترتیب دی گئی ہے۔
کراچی سے سکردو کے لیے پی آئی اے کی پرواز 4 مئی کو شیڈول ہے۔