وزیراعظم کی صدرِمملکت، سیاسی اور عسکری قیادت کو عید کی مبارک
وزیراعظم نے آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کو بھی فون پر عید کی مبارک دی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس، سیاسی قائدین اور سروسز چیفس کو عیدالفطر کی مبارک دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے عوام پر نماز عید کے اجتماعات پر پابندیوں کی مذمت، کشمیریوں کو حق استصواب رائے ملنے تک بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے فون پر سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ اور قائم مقام گورنر بلوچستان کو بھی مبارک دی جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے وزیراعظم کی ان سے بات نہ ہوسکی۔
وزیراعظم نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، رکن اسمبلی محسن داوڑ، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی، بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل، جمعیت اہل حدیث کے سربراہ علامہ ساجد میر اور بی اے پی کے خالد مگسی کو بھی فون کیا اور عید کی مبارک دی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے محمود خان اچکزئی، علی نواز شاہ، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، چوہدری سالک حسین سے بھی فون پر بات کی اور عید کی مبارک دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سروسز چیف سے ٹیلی فون پر گفتگو
وزیراعظم نے چئیرمن جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کو بھی فون پر عید کی مبارک دی۔