Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیر اعظم شہباز شریف کا ٹیلی فون

ولی عہد کو شاہ بحرین اور عراقی وزیر اعظم نے بھی عید کی مبارکباد دی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ٹیلی فون کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے سعودی ولی عہد کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی اپنی طرف سے انہیں عید کی مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران ان کے اور ان کے وفد کے پرتپاک خیرمقدم اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔
وزیراعظم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے حالیہ دورے کے دوران ولی عہد سے اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے’ سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں سٹریٹجک تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہم کنارکرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا‘۔
وزیراعظم نے ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات میں کیے جانے والے فیصلوں پر پختہ عملدرآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق ’سعودی ولی عہد نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے عوام کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کےلیے مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی‘۔
’دونوں برادر ملکوں کے عوام کے باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور وسعت دینے کے لیے مل کرکام کرنے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا گیا ہے‘۔
خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 27 اپریل کو تین روزہ اعلیٰ سطح کے سرکاری دورے پر سعودی عرب  پہنچے تھے۔
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد، شہزادہ محمد بن سلمان کو بحرین کے فرمانروا اورعراق کے وزیراعظم نے ٹیلی فون کیا ہے۔
 بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ اورعراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے ٹیلی فون کرکےعید کی مبارکباد دی۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شاہ بحرین اور عراقی وزیر اعظم کو اپنی طرف سے عید کی مبارکباد دی ہے۔

شیئر: