وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر کو ٹیلی فون، دورہ پاکستان کی دعوت
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو عید کی مبارک باد بھی دی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عید کی مبارک دی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پیر کے روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی سے بات کی اور انہیں عید کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے خوشی کے اس موقع پر قطر کے عوام کے لیے بھی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو عید کی مبارک باد دی اور پاکستانی عوام کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
’اس موقع پر دونوں ممالک کے قائدین نے بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی ومعاشی روابط کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ رکھنے اور مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے امیر قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ امیر قطر نے وزیراعظم کو قطر کے دورے کی جوابی دعوت دی۔