Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یورپی یونین کی حمایت‘، روس نے جاپانی وزیراعظم کے داخلے پر پابندی لگا دی

یورپین یونین روسی گیس کی سپلائی کو روکنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس نے جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدہ سمیت متعدد جاپانی عہدے داروں کے ملک میں داخلے پابندی عائد کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے روس پر لگنے والی عالمی پابندیوں کی حمایت کرنے پر بدھ کو جاپان کی اہم شخصیات پر پابندی کا اعلان کیا۔
روس کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’جاپانی وزیراعظم اور ان کی حکومت نے روس مخالف مہم شروع کی ہے جو روس کے خلاف براہ دھمکی جیسا اقدام ہے۔‘
واضح رہے کہ یورپین یونین کمیشن نے روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کی تجویز دی ہے اور روس کے تیل کی برآمدات کو خاص طور پر ہدف بنایا ہے۔
یورپین کمیشن نے اگلے چھ ماہ میں روسی خام تیل کی سپلائی میں کمی لانے کی تجویز دی ہے جس کے بعد برینٹ کی قیمت میں تین فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔
یورپین کمیشن کے سربراہ ارسلا ون ڈین نے یورپین پارلیمینٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’(روسی صدر) پوتن کو اپنی جارحیت کی قیمت ادا کرنی ہو گی۔‘
انہوں نے روس کے سب سے بڑے بینک سبربینک ، تین روسی سرکاری نشریاتی اداروں، روسی فوجی افسران سمیت اہم شخصیات پر جنگی جرائم کا الزام عائد کرتے ہوئے پابندیاں لگانے کا اعلان بھی کیا۔
خیال رہے کہ یورپین یونین روس کی قدرتی گیس کو بھی نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے جس پر اکثر رکن ممالک کے گھریلو صارفین کا انحصار ہے۔

شیئر: