Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کی عوامی رابطہ مہم کا آغاز

پاکستان کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے بھی تحریک انصاف کے مقابلے میں جلسوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا جلسہ جمعے کو ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں کیا گیا۔
جمعے کو فتح جنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان کو اتنی تکلیف اپنی حکومت جانے کی نہیں جتنی شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی ہے۔‘
’عمران خان اپنے دور میں بہت بڑے گھپلے کرکے گئے ہیں، شہباز شریف عمران خان کی نالائقی کی داستانیں سامنے لائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کے دور میں 22 کروڑ عوام میں صرف ایک فرح خان تھیں جن کے پیسے بڑھتے رہے۔‘
’عمران خان نے کبھی اپنی بہن علیمہ خان کی صفائی پیش نہیں کی لیکن فرح خان کو بچانے ٹی وی پر آگئے۔‘
عمران خان کہتے ہیں کہ فرح خان کا کاروبار ترقی کررہا تھا، اگر ایسا تھا تو وہ راتوں رات دبئی کیوں فرار ہوگئیں؟
مریم نواز نے الزام لگایا کہ ’جب عمران خان کو پتا چلا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہورہی ہے تو انہوں نے فرح خان کو دبئی فرار کروا دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ فرح خان کا دوسرا نام عمران خان ہے اور اس کا کُھرا سیدھا بنی گالہ کو جاتا ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’سنا ہے مسلم لیگ ن کے شیر رانا ثنا اللہ کا کہتے ہیں کہ فرح گوگی جہاں بھی ہوئیں انہیں ڈھونڈ کر لے آئیں گے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’قوم کو لنگر خانے پر لگا کر عمران خان خود توشہ خانے کو لوٹتے رہے۔‘

مریم نواز نے الزام لگایا کہ ’عمران خان نے فرح خان کو راتوں رات دبئی فرار کروا دیا‘ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی میڈیا سیل)

’عمران خان بنی گالہ جاتے ہوئے اپنے ساتھ 15 کروڑ روپے کی گاڑی بھی لے گئے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ’ایک تقرری کیا ہوئی، عمران خان کی آنکھیں بھی گئيں، کان بھی گئے، بے فیض ہوتے ہی حکومت دھڑام سے نیچے آگری۔‘
’عمران خان روزانہ ٹی وی پر آکر نئی کہانیاں سناتے ہیں، کبھی سازش اور کبھی جھوٹے خط کا رونا روتے ہیں، کبھی کہتا ہیں میرے خلاف سازش کی گئی، وہ خط جس کا وجود ہی نہیں تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتے ہیں، چند دن پہلے کہتے تھے خط مارچ میں آیا تھا اور کل اپنے جھوٹ کا پول خود ہی کھول دیا کہ مجھے پہلے سے پتا تھا کہ گذشتہ برس جولائی سے میرے خلاف سازش ہو رہی ہے۔‘

شیئر: