کسی کارکن کو ہاتھ لگایا تو تھری سٹوجز اور ان کے ہینڈلرز ذمہ دار ہوں گے: عمران خان
کسی کارکن کو ہاتھ لگایا تو تھری سٹوجز اور ان کے ہینڈلرز ذمہ دار ہوں گے: عمران خان
جمعہ 6 مئی 2022 16:53
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’میں 20 مئی کے بعد عوام کو اسلام آباد کی کال دوں گا۔‘
جمعے کو اپنے آبائی حلقے میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں عوام سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ اپنے راستے میں رکھے گئے کنٹینرز کو ہٹا دیں گے؟‘
انہوں نے کہا کہ ’نہ کوئی کنٹینر آپ کو روک سکے گا نہ رانا ثنا اللہ آپ کو روک سکے گا، نہ ہی چیری بلاسم۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عوام کا سمندر اسلام آباد آنے والا ہے، چوروں کو چیلنج ہے جو بھی سن رہے ہیں سن لیں اتنا بڑا سمندر عوام کا پہلے نہیں آیا ہوگا۔‘
’عوام کا سمندر جب اسلام آباد آئے گا تو صرف ایک ہی مطالبہ کرے گا، الیکشنز۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ’اگر میں بھی ان کی طرح چور ہوتا تو ان کی طرح آج جوتے پالش کررہا ہوتا، چیری بلاسم نے میرے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی۔‘
’تم نے راشد شفیق کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا اور انہیں ایئرپورٹ سے گرفتار کروایا، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا، اسلام آباد میں بھی ہم پرامن احتجاج کریں گے۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم بھکاری نہیں، لائف سپورٹ مشین نہیں، زندہ قوم ہیں، اگر اسلام آباد مارچ کو روکنے کی کوشش کی تو پھر آپ ذمہ دار ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہاں کے میر جعفروں اور میر صادقوں نے مل کر سازش کے تحت ہماری منتخب حکومت کو ختم کیا۔‘
’میں اپنے انصاف کے اداروں سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو ووٹ بیچنے والوں کے خلاف ازخود نوٹس نہیں لینا چاہیے تھا؟‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’عدالتیں رات کے 12 بجے کھل سکتی ہیں تو ان چوروں کو کیوں نااہل نہیں کرتیں؟‘
انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ لوٹے کسی بھی حلقے میں ووٹ مانگنے آئیں تو آپ نے ان کا بندوبست کرنا ہے۔‘
’آپ نے انہیں وہ سبق سکھانا ہے کہ لوگ ساری زندگی ضمیر بیچتے ہوئے ڈریں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نے 18 قتل کیے، انہوں نے موٹروے پر شہباز گِل پر حملہ کروایا۔‘
’اگر میرے کسی کارکن کو ہاتھ لگایا تو ہم تھری سٹوجز کو ذمہ دار ٹھرائیں گے اور تمہارے ہینڈلرز کو بھی۔‘
عمران خان نے جلسے میں ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ کے نعرے بھی لگوائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم کسی صورت ان چوروں کو اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے مجھ پر توہین مذہب کا مقدمہ درج کروایا۔‘
’جھوٹو اور مکارو میں تمہیں چیلنج کرتا ہوں کہ دنیا بھرمیں جہاں بھی چلے جاؤ تمہیں غدار اور چور کی ہی آوازیں آئیں گی۔‘