انتقام نہیں لیں گے لیکن حساب ہو گا: مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا لیکن حساب ضرور ہو گا۔
پیر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے پی ٹی آئی کی جانب سے استعفے دیے جانے اور سخت احتجاج کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ اگر کسی نے عوام کی فلاح کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔
’پرانی مسلم لیگ ن نہ سمجھا جائے۔‘
مریم نواز نے نام لیے بغیر عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو حکومت جانے کا بہت دکھ ہے، انہیں نہیں پتہ کہ یہ سیاسی عمل کا حصہ تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔
خیال رہے سنیچر کو رات گئے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد آج اسمبلی میں نئے وزیراعظم کا انتخاب ہو رہا ہے جس کے لیے متحدہ مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف امیدوار ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی امیدوار ہیں۔