حج درخواستیں، شہری اور غیر ملکی مشکوک ویب سائٹس سے خبردار
امیدواروں کے لیے درخواست کے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے سرکاری ویب سائٹ پر بیان میں کہا ہے کہ’ اندرون مملکت سے اس سال حج کے امیدواروں کے لیے درخواست کے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا‘۔
سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اندرون مملکت سے حج کی اجازت ہوگی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر خبردار کیا کہ ’سعودی شہری اور مقیم غیرملکی مشکوک ویب سائٹس پر توجہ نہ دیں‘۔ بیان میں کہا گیا کہ ’بعض ضمیر فروش ویب سائٹس کے ذریعےاندرون مملکت سے عازمین حج کو مشکل میں ڈالنے اور ان سے رقم وصول کرنے کے لیے درخواستیں طلب کرتےہیں اوران سے رقم لے کرغائب ہوجاتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وبا کے بعد پہلی باراس سال عازمین حج کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔
اس سال دس لاکھ افراد حج کریں گے۔ ان میں ساڑھے 8 لاکھ عازمین بیرون مملکت سے آئیں گے جبکہ ڈیڑھ لاکھ اندرون مملکت سے ہوں گے۔