Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سارہ علی خان گلیوں میں گانے گا کر پیسے کیوں مانگ رہی ہیں؟

سارہ علی خان گیم شو میں ملنے والا ٹاسک پورا کرنے نکلی ہیں (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
بالی وڈ سٹارز سیف علی خان اور امرتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان آج کل گلیوں میں گا کر پیسے لیتی دیکھی جا رہی ہیں۔ اس دوران وہ مداحوں کو آٹوگراف بھی دیتی ہیں اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنواتی ہیں۔ تاہم سوال یہ ہے کہ نواب گھرانے سے تعلق رکھنے والی سارہ علی خان کو ایسا کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
اس کا جواب ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سارہ علی خان کو یہ سب کچھ ’خطرہ خطرہ شو‘ کے لیے کرنا پڑ رہا ہے۔
شو کے دوران ان کو گلیوں میں گانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے جس کو وہ پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ شو کی کو میزبان بھارتی سنگھ بھی گلیوں میں پرفارمنس کے دوران ان کے ساتھ ہوتی ہیں۔
 خاتون کامیڈین بھارتی سنگھ کے شوہر ہرش نے سارہ علی خان سے گفتگو میں انہیں بتایا کہ جب سے انہوں نے شو کی میزبانی سنبھالی ہے تو ان کی خواہش ہے کہ کچھ مشکل ٹاسک بھی اس میں شامل کیے جائیں جس پر فرح نے انہیں مشورہ دیا کہ گلیوں میں جائیں اور گا کر پیسے اکٹھے کریں اس کے بعد بھارتی سنگھ اور سارہ علی خان نکل پڑیں۔
سارہ علی خان نے آواز لگائی ’ہیلو ہیلو پیسے دے دو، سیلفی کھنچوا لو‘ جس پر فوراً دو افراد ان کے قریب آ گئے۔
انہوں نے 20 روپے کی پیشکش کی جس کو سارہ علی خان نے مسترد کر دیا۔ اس کے بعد انہوں نے ایک رکشے والے کو روکا، جس پر رکشے والے نے کہا ’میڈم میں غریب ہوں، آپ کو کیسے پیسے دے سکتا ہوں۔‘

سارہ علی خان نے حال ہی میں ’اترنگی رے‘ فلم میں اکشے کمار کے ساتھ کام کیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر سارہ علی خان)

 بالآخر ان کو ایک ایسا شخص مل گیا جس نے سارہ علی خان کے ساتھ سیلفی بنانے کے لیے 100 روپے دیے۔
اس کے بعد ایک شخص نے 500 روپے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیسے تب دیں گے جب سارہ علی خان ان کے ساتھ گانا گائیں گی۔
اس پیشکش کو سارہ علی خان نے فوراً قبول کیا اور ان کے ساتھ مل کے گانا گایا ’یہ کالی کالی آںکھیں۔‘
اسی طرح انہوں نے ایک موٹر سائیکل سوار سے لفٹ بھی لی۔
سارہ علی خان آخری بار آنند رائے کی فلم ’اترنگی رے‘ میں نظر آئی تھیں۔ اس فلم میں اکشے کمار اور دھنوش نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
سارہ ان دنوں گیس لائٹ کی شوٹنگ کروا رہی ہیں جس میں وکرانت میسی بھی کام کر رہے ہیں، جبکہ حال ہی میں انہوں نے وکی کوشال کے ساتھ فلم کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔

شیئر: