Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا علامہ اقبال 1857 کی جنگ آزادی میں شاعری کرتے تھے؟

ہفتے کو وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ کے علاقے شانگلہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے حوالے سے ان کی طرف سے کی جانے والی ایک بات سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کا ایک شعر پڑھا اور کہا کہ یہ شعر علامہ اقبال نے متحدہ ہندوستان میں 1857 کی جنگ آزادی کے دوران مسلمانوں کے لیے پڑھا تھا۔
خیال رہے 1857 میں متحدہ ہندوستان میں برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف بغاوت پھوٹ پڑی تھی اور اس بغاوت کو تاریخ کی کتابوں میں جنگ آزادی بھی کہا جاتا ہے۔
تاہم وزیراعظم شہباز شریف سے اپنی تقریر میں غلطی یہ ہوئی کی انہوں نے علامہ اقبال کا شعر 1857 کی جنگ سے منسوب کر دیا جبکہ علامہ اقبال کی سن پیدائش 1877 ہے۔ یعنی متحدہ ہندوستان میں جس جنگ کا ذکر پاکستانی وزیراعظم نے کیا وہ علامہ اقبال کی پیدائش سے 20 سال قبل لڑی گئی تھی۔
قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کی ایک کلپ کو شیئر کرتے ہوئے طنزیہ لکھا کہ ’علامہ اقبال اپنی پیدائش سے پہلے 1857 کی جنگ آزادی میں بھی شاعری کرتے تھے۔‘
یہ ویڈیو اس قدر وائرل ہوئی کہ دیگر سوشل میڈیا صارفین بھی وزیراعظم کی تصحیح کرنے میدان میں آگئے۔
وجاہت وکیل نامی صارف نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی تاریخ پیدائش 9 نومبر 1877 اور تاریخ موت 21 اپریل 1938 ہے۔
سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ملیحہ ہاشمی نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’شہباز شریف نے آج شانگلہ کے جلسے میں عوام کو علامہ اقبال کی 1857 میں کی گئی شاعری سنائی۔ جبکہ علامہ اقبال 1857 میں پیدا ہی نہیں ہوئے تھے۔‘

خیال رہے علامہ اقبال پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں سنہ 1877 میں پیدا ہوئے تھے اور کہا جاتا ہے کہ برصغیر میں مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کا خواب بھی انہوں نے ہی دیکھا تھا۔

شیئر: