جدہ سیزن میں یاٹ کلب زون کا منفرد تقریبات سے افتتاح
جدہ سیزن میں یاٹ کلب زون کا منفرد تقریبات سے افتتاح
منگل 10 مئی 2022 13:51
دلچسپ سرگرمیاں 19جون تک روزانہ شام 4 بجے سے جاری رہیں گی۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ سیزن 2022 کے سلسلے میں جدہ یاٹ کلب زون کا شاندار آتش بازی کے دلچسپ نظاروں کے ساتھ گذشتہ روز آغاز کر دیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ واٹر فرنٹ کے مرینا علاقے میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے موقع پر لائیو تھیٹر پرفارمنس پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں 100 سے زائد مختلف ملبوسات میں فنکاروں نے شرکت کی۔
جدہ یاٹ کلب زون کا داخلی راستہ آنے والوں کو دنیا بھر کی پرتعیش کشتیوں کے بیڑے کے ساتھ سمندر کا دلکش نظارہ پیش کررہاہے۔
جدہ سیزن کے اس زون میں آنے والوں کے لیے مختلف برانڈز کے سٹالز لگائے گئے ہیں، بہترین ریستوراں اور کیفے موجود ہیں جہاں پر سیاح ہر ذائقے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور خاندان کے ہمراہ واٹر گیمز میں حصہ لے سکتے ہیں۔
جدہ یاٹ کلب مرینا کے آپریشن منیجر جمال الغامدی نے بتایا ہے کہ یاٹ کلب براہ راست بین الاقوامی بندرگاہ سے منسلک ہے لہذا پوری دنیا سے یاٹ کلب میں شامل ہونے کے لئے منفرد کشتیوں کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جدہ سیزن کے دوران ہم یاٹ شوز کے ہمراہ دیگر تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنے پر بھی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
ان سرگرمیوں میں مختلف قسم کے واٹر گیمز کے ساتھ واٹر تھیٹر، جیٹ بوٹس، جہاز رانی کے طریقے، شارک، ڈولفن کے ساتھ غوطہ خوری کا تجربہ اور بہت کچھ شامل ہے۔
اس موقع پر مرینا جدہ کے سینئر کوآرڈینیٹر احمد باجوید نے بتایا کہ جدہ یاٹ کلب کو سعودی عرب کا ابتدائی سیلنگ سکول بھی سمجھا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں کشتیوں کے کھیل اور ان کے استعمال کے خیال سے کوئی زیادہ واقفیت نہیں کیونکہ سعودی کمیونٹی میں یہ عام نہیں حالانکہ ہمارے پاس شاندار سمندر کا کنارہ ہے۔
یہاں ہم نے ایک سیلنگ اکیڈمی قائم کی ہے جہاں ہم جہاز رانی کے تربیتی سیشنز پیش کریں گے کیونکہ ہمارے پاس ہالینڈ سے آنے والی بہترین اور جدید کشتیاں موجود ہیں۔
جدہ یاٹ کلب 100 سے زیادہ کشتیوں کو جگہ فراہم کر سکتا ہے ۔ جدہ کے خوبصورت کارنیش پر ہمارے پاس 135 میٹر لمبا پلیٹ فارم موجود ہے جس کی گہرائی 8 میٹر ہے اور اس کے ساتھ ایک شاندار ساحل بھی موجود ہے۔
سعودی سوشل میڈیا کی معروف شخصیت فیصل الغزاوی بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے،ا نہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جدہ سیزن میں شاندار سرگرمیاں شامل کی جائیں گی اور جدہ سیزن میں دنیا کو یہ دیکھنے کا موقع ملے گا کہ جدہ کتنا شاندار ہے۔
واضح رہے کہ جدہ سیزن سعودی سیزن کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا حصہ ہے جو مملکت میں بسنے والوں کی زندگی کو بہتر بنانے اور مملکت کو اہم عالمی سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانے کے لیے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد یہاں کی ثقافت، تفریح اور کھیلوں کو اجاگر کرنا ہے۔
جدہ یاٹ کلب زون میں مختلف قسم کی دلچسپ سرگرمیاں 19 جون تک روزانہ شام 4 بجے سے رات 3 بجے تک جاری رہیں گی۔
جدہ سیزن کو 9 زون میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر مقام پر ہونے والی مختلف نوعیت کی سرگرمیاں تاریخی اور ثقافتی پہلووں کو اجاگر کریں گے۔