تحریک انصاف پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں جلسے کے مقام تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کو جلسے کے مقام سے کوئی لینا دینا نہیں۔
سنیچر کو سیالکوٹ میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ سی ٹی آئی گراؤنڈ کے بجائے اب جلسہ وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں شام کو ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ جلسہ آج ہی ہوگا۔ ’ہمیں روکنے کی جرات نہ کریں۔‘
مزید پڑھیں
-
افسوس، سازش روکنے والوں نے کچھ نہیں کیا: عمران خانNode ID: 668371
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن جب اقتدار میں ہوتی ہے تو تمام جمہوری اصولوں کو مکمل طور پر تباہ کرتی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’آج امپورٹڈ حکومت نے سیالکوٹ میں ہماری قیادت اور کارکنان کے خلاف جو کیا وہ اشتعال انگیز لیکن غیرمتوقع نہیں تھا۔‘
ضلعی انتظامیہ نے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا جس کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ پر کریک ڈاؤن کر کے سٹیج بنانے کے لیے لایا گیا سامان ہٹا دیا تھا۔
تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا کہ سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ سیالکوٹ کی مسیحی براداری سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی کال کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل چلائے گئے جس کے بعد تحریک انصاف کے کارکن منتشر ہو گئے۔
I will be going to Sialkot today, let there be no doubt. What Imported Govt did in Sialkot against our ldrship & workers is outrageous, but not unexpected. This bunch of criminals out on bail & their convict mafia boss in London have always used fascist tactics against opponents
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 14, 2022
سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’پرائیویٹ جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے جبکہ گرفتاریوں کے بارے میں ڈی پی او سے پوچھ کر بتا سکتا ہوں۔‘
جیو نیوز سے گفتگو میں سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نے بتایا کہ ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ مسیحی برادری کی جگہ پر جلسے کو روکیں۔
ڈی پی او کے مطابق عبادت گاہ کے سامنے زبردستی جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، اس کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جا سکتی ہے۔ کسی سیاسی کارکن کو حراست میں نہیں لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سی ٹی آئی گراؤنڈ کے علاوہ کسی اور جگہ جلسے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دے۔
