عمران خان نے پیٹرول سستا کرنے کے لیے غیرقانونی سبسڈی دی، مریم اورنگزیب
عمران خان نے پیٹرول سستا کرنے کے لیے غیرقانونی سبسڈی دی، مریم اورنگزیب
ہفتہ 14 مئی 2022 14:42
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے پیٹرول سستا کرنے کے لیے غیر قانونی سبسڈی دی۔
سنیچر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کو پتا لگا کہ میں ہار رہا ہوں، جس وقت آپ نے سازش کا کاغذ لہرایا اسی وقت آپ نے یہ غیر قانونی سبسڈی دی اور پاکستان کے عوام کو دھوکا دیا۔‘
’جب آپ کو عدم اعتماد کی کامیابی کا یقین ہو گیا تو آپ نے کابینہ اور ای سی سی کو اعتماد میں لیے بغیر پٹرول پر سبسڈی دے کر پاکستان کے عوام کو دھوکا دیا۔‘
مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ حکومت چھوڑ کر گئے تو ڈالر 189 روپے کا تھا، آج مہنگائی جس نہج پر ہے اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔‘
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’ہم عمران خان کی معاشی تباہ کاریوں سے عوام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ موجودہ مہنگائی کےاعمال نامے دراصل عمران خان کی وجہ سے ہیں، وہ اپنی نااہلی کا سوال چار ہفتے پرانی حکومت سے کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں پر انگلی اٹھانے والے اپنے جلسوں میں شرکت کے لیے کس حیثیت سے خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’چار سال اپنی نااہلی، نالائقی اور لوٹ مار کا سوال ان سے کیا جا رہا ہے جن کے پاس چار ہفتے قبل حکومت آئی ہے۔ پی ٹی آئی کے ہر جلسے میں خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا جا رہا ہے۔‘
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’جب مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہوئی تو مہنگائی کی شرح 3.9 فیصد تھی، جس وقت آپ اقتدار چھوڑ کر گئے اس وقت مہنگائی کی شرح 13 فیصد تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ الیکشن کے حوالے سے صرف مسلم لیگ ن نہیں تمام اتحادی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہو گا۔‘