گرد و غبار کا طوفان، ہائی وے کا سفر نہ کیا جائے
’گرد و غبار کے طوفان کے باعث ریاض اور مشرقی ریجن سب سے زیادہ متاثر ہوں گے‘ (فوٹو: طقس العرب)
سعودی عرب کا وسیع رقبہ گرد و غبار کی زد میں ہے جس کے باعث بعض علاقوں میں حد نگاہ صفر تک ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت ٹرانسپورٹ نے ہائی وے کے مسافروں کو طوفان سے خبردار کیا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ، قصیم ہائی وے کا سفر انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے جہاں طوفان کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہے‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے ریاض، قصیم، مدینہ منورہ، حائل اور مشرقی ریجن کے رہائشیوں کو طوفان سے خبردار کیا ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ریاض کے بعض علاقوں میں حد نگاہ انتہائی متاثر ہے جبکہ دیگر علاقوں میں صفر کے قریب ہے‘۔
مدینہ منورہ کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’کھلے اور میدانی علاقوں میں گرد وغبار کے طوفان کی شدت زیادہ ہوگی‘۔
’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الحناکیہ، المہد اور خیبر میں مطلع غبار آلود رہے گا جبکہ تیز ہوا چلے گی‘۔
ادھر ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’گرد و غبار کے طوفان کے باعث ریاض اور مشرقی ریجن سب سے زیادہ متاثر ہوں گے‘۔