جدہ میں اس سال مئی میں زیادہ گرمی پڑ رہی ہے؟
اتوار کو جدہ میں درجہ حرارت 48.3 سینٹی گریڈ تھا( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ’ یہ دعوی درست نہیں کہ جدہ میں اتنی گرمی گزشتہ مئی میں نہیں پڑی جتنی اب ہے‘۔
موسمیات کے قومی مرکز کے ریکارڈ کے مطابق 2004 اور 2010 میں بھی مئی کے دوران جدہ میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق بعض لوگوں کا یہ دعوی تھا کہ جدہ میں گزشتہ برس کے دوران مئی میں اتنی گرمی نہیں پڑی۔ گزشتہ پچاس سال کے دوران کبھی جدہ میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک نہیں پہنچا۔
ماہر موسمیات عبداللہ المسند کا بھی کہنا ہے کہ ’گزشتہ برس جدہ میں اتنی گرمی نہیں پڑی جتنی آج کل ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شدید گرمی کے حوالے سے جدہ پوری دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔‘
یاد رہے کہ اتوار کو جدہ میں درجہ حرارت 48.3 سینٹی گریڈ تھا جبکہ میدان عرفات میں 47.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
علاوہ ازیں جدہ میں پیر کو شدید درجہ حرارت کے باعث ذیلی ٹرانسفارمرمیں آگ لگ گئی جس سے شہر کے متعدد محلوں کی بجلی معطل ہوگئی۔