Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بوٹس کے خاتمے تک ٹوئٹر خریدنے کی بات آگے نہیں بڑھے گی‘

ٹوئٹر نے حالیہ دنوں میں ہزاروں جعلی اکاؤنٹس کو ختم کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے امیرترین شخص ایلون مسک نے کہا ہے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر خریدنے کا معاملہ جعلی اکاؤںٹس اور بوٹس ختم کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایلون مسک نے منگل کو کہا کہ جب تک جعلی اکاؤنٹس کی تعداد پانچ فیصد سے بھی کم نہیں ہو جاتی تب تک ٹوئٹر کی خرید کا معاملہ اپنی تکمیل کو نہیں پہنچے گا۔
ایلون مسک نے کہا کہ ’ٹوئٹر کے سی ای او نے گزشتہ روز پانچ فیصد سے کم جعلی اکاؤنٹس کا ثبوت دینے سے انکار کر دیا تھا۔‘
’جب تک وہ ایسا نہیں کرتے بات آگے نہیں بڑھے گی۔‘
واضح رہے کہ سپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کو مشہور جریدے فوربز نے 230 ارب ڈالرز کے اثاثوں کا حامل دنیا کا امیرترین شخص قرار دیا تھا۔
ایلون مسک نے رواں برس اپریل میں دنیا بھر کے نمایاں سرمایہ کاروں اس وقت حیرت زدہ کر دیا تھا جب انہوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا تھا۔
لیکن یہ معاملہ جعلی اکاؤنٹس اور ’بُوٹس‘ سے متعلق ٹوئٹر کے موقف پر اٹھنے والے سوالات کی وجہ سے التوا کا شکار ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پلیٹ فارم ہر روز لگ بھگ پانچ لاکھ بوگس اکاؤنٹس کو بند کرتا ہے اور ہر ہفتے لاکھوں ایسے اکاؤنٹس کو لاک کرتا ہے جو یہ ثابت کرنے میں ناکام رہتے ہیں کہ انہیں سافٹ وئیر نہیں بلکہ انسان چلاتے ہیں۔

شیئر: