مبینہ طور پر اسلام آباد کے مارگلہ جنگل میں آگ لگا کر فوٹو شوٹ کروانے والی ماڈل اور ٹک ٹاکر ڈولی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ منگل کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات اعجازالحسن کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا۔
مزید پڑھیں
-
امریکی ریاست کولوراڈو کے جنگل میں آتشزدگی، سینکڑوں مکانات تباہNode ID: 631526
-
بلوچستان میں چلغوزے کے ’سب سے بڑے‘ جنگل میں لگی آگ بے قابوNode ID: 669041
-
’نوجوان چار فالوورز کی خاطر جنگلوں کو آگ لگا رہے ہیں‘Node ID: 669301
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ڈولی نام کی ٹک ٹاکر جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروا رہی ہے۔‘
’مبینہ طور پر پر یہ مارگلہ ہلز کا علاقہ ہے جہاں پچھلے کچھ دنوں سے آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔‘
ایف آئی آر میں ٹک ٹاکر ڈولی کے خلاف لینڈ سکیپ ایکٹ 1966۔ وائلڈ لائف ایکٹ 1927 ، انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ 1997 اور تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
دوسری جانب ٹک ٹاک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی خطرناک اور غیرقانونی اقدامات پر مبنی ویڈیوز کو ہٹانے، محدود یا لیبل کرنے پر کام کر رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صارفین کی حفاظت کے حوالے سے کمپنی کمٹڈ ہے اور ہرایک کی حوصلہ افرائی کرتی ہے کہ وہ آن لائن اور آف لائن تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
خیال رہے کہ ڈولی کے نام سے شہرت رکھنے والی ماڈل اور ٹک ٹاکر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں ایک جنگل میں ماڈلنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کی چیئر پرسن رینا سعید نے منگل کو کہا تھا کہ مذکورہ ماڈل کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو مارگلہ ہلز کی نہیں ہے تاہم اس حوالے سے ہماری ٹیم تفتیش کر رہی ہے۔
رینا سعید نے ایک ٹویٹ میں اس طرح کی ویڈیوز بنانے والے ٹک ٹاکرز کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ ’یہ ٹک ٹاک کا پریشان اور تباہ کن ٹرینڈ ہے۔ نوجوان چار فالوورز کی خاطر اس گرم اور خشک موسم میں ہمارے جنگلوں کو آگ لگا رہے ہیں۔‘
رینا سعید کا مزید کہنا تھا کہ ’آسٹریلیا میں جھاڑیوں کو آگ لگانے والوں کے لیے عمر قید کی سزا ہے۔ ہمیں بھی اسی طرح کی قانون سازی شروع کرنے کی ضرورت ہے۔‘
یاد رہے کہ ماڈل گرل ڈولی سے قبل صوبہ پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے ایک نوجوان کی ایسی ہی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروا رہا ہے۔
ایس ڈی او وائلڈ لائف ایبٹ آباد سردار نواز نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایبٹ آباد شہر سے ملحقہ جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو بنانے والے اس مقامی نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کو جنگلات کو نقصان پہنچانے اور جنگل میں آگ لگانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سردار نواز کے مطابق ایبٹ وائلڈ لائف کے نوٹس میں نوجوان کی ویڈیو کے علاوہ کوئی نوٹس میں نہیں ہے۔