جدہ سیزن: سٹی واک میں ’جاپانی انیمی قصبے‘ کا افتتاح
جدہ سیزن کے تحت سٹی واک میں’جاپانی انیمی قصبے‘ کے پروگراموں کا جمعرات کو آغاز ہوگیا۔ یہ جاپان کا مشہور بین الاقوامی پروگرام ہے۔ اس میں جاپان کی متعدد شخصیات اور انیمی کے متعدد شائقین شریک ہورہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جاپانی انیمی گاوں کا سلسلہ 45 روز تک جاری رہے گا۔ اس میں فلمی شو اور کاسٹیومز، ڈی جے زاک، مانگا آرٹسٹ، اوٹاکو واچ اور بہت سے دلچسپ جاپانی شوز کا مظاہرہ ہوگا۔
جاپانی انیمی شوز پچاس فنکار پیش کریں گے۔ یہ اس آرٹ میں عالمی ایوارڈ یافتہ ہیں۔ ماحول پرجوش ہوگا۔ شائقین بھرپور لطف اٹھاسکیں گے۔ 9 قسم کے تفریحی پروگرام ہوں گے۔ انیمی کی مشہور مصنوعات پیش کرنے والے شاپنگ سینٹرز اور ریستوران بھی شائقین کو لطف اٹھانے کا موقع فراہم کریں گے۔
جدہ سیزن انتظامیہ نے جاپانی ثقافت سے لطف اٹھانے کے لیے ہر روز ذہین نوجوانوں کے لیے ایک گھنٹہ مختص کیے ہوئے ہے۔ اتوار سے بدھ تک ہر ہفتے شائقین کو عالمی ماحول اور تجربات سے لطف اٹھانے کا موقع ملے گا۔
سٹی واک جہاں انیمی قصبہ سجایا گیا ہے جدہ سیزن ٹو کے پروگراموں کے لیے مختص مقامات میں سے ایک ہے۔