Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کی سب سے مہنگی نیلامی، ’1955 مرسڈیز بینز‘ کتنے میں فروخت ہوئی؟

اس کار کا نام اس کے بنانے والے چیف انجینیئر روڈولف اوہلن ہاٹ کے نام پر رکھا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مرسڈیز بینز 1955 جس کے صرف دو ورژن موجود ہیں، اس ماہ کے شروع میں 14 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ( 13 کروڑ 50 لاکھ یورو) میں نیلام ہوئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کلاسک کاروں کی نیلامی کرنے والی کمپنی آر ایم سوتھبے نے جمعرات کو بتایا کہ یہ دنیا کی اب تک کی سب سے مہنگی فروخت ہونے والی کار ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ’1955 کی مرسڈیز بینز ایک پرائیویٹ گاہک کو 13 کروڑ 50 لاکھ یورو کی ریکارڈ قیمت میں نیلامی میں فروخت کی گئی ہے۔‘
خیال رہے کہ یہ گاڑی پچھلے ریکارڈ سے تقریباً تین گنا زیادہ قیمت میں فروخت ہوئی، جسے 1962 فراری 250 جی ٹی او نے 2018 میں قائم کیا تھا۔ 1962 فراری 250 جی ٹی او چار کروڑ 80 لاکھ ڈالرز سے زیادہ میں فروخت ہوئی تھی۔
نیلامی کرنے والی کمپنی نے کہا کہ یہ صرف دعوت نامے کی بنیاد پر ہونے والی نیلامی تھی، جو 5 مئی کو جرمنی کے شہر سٹٹگارٹ کے مرسڈیز بینز میوزیم میں ہوئی۔
آر ایم سودتھبی کے مطابق یہ کار مرسڈیز بینز ریسنگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بنائے گئے صرف دو پروٹوٹائپز میں سے ایک ہے اور اس کا نام اس کے بنانے والے چیف انجینیئر روڈولف اوہلن ہاٹ کے نام پر رکھا گیا ہے۔

پرائیویٹ خریدار نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ 300 ایس ایل آر اوہلن ہاٹ کوپ اہم مواقع پر عوامی نمائش کے لیے دستیاب رہے گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’پرائیویٹ خریدار نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ 300 ایس ایل آر اوہلن ہاٹ کوپ اہم مواقع پر عوامی نمائش کے لیے دستیاب رہے گی جبکہ دوسری اوریجنل ایس ایل آر کوپ کار کمپنی کی ملکیت میں ہے اور سٹٹگارٹ کے مرسڈیز بینز میوزیم میں نمائش کے لیے موجود رہے گی۔‘
آر ایم سودتھبے نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال دنیا بھر میں مرسڈیز بینز فنڈ قائم کرنے کے لیے کیا جائے گا جو ماحولیاتی سائنس اور ڈی کاربونائزیشن ریسرچ کے لیے فنڈ فراہم کرے گا۔

شیئر: