ملیے 250 رنگ برنگی کلاسک کاروں کے مالک سے
محمد وحدان کی پسندیدہ کار 1970 ماڈل کی مرسڈیز ہے (فوٹو: اے پی)
مصر میں پرانی کاریں جمع کرنے کے شوقین محمد وحدان کے پاس 250 ونٹیج، اینٹیک اور کلاسک کاریں جو انہوں نے پورے ملک سے اکٹھی کی ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسویسی ایٹڈ پریس کے مطابق کاروں کا اتنا بڑا فلیٹ انہیں دنیا کے ٹاپ کلاسک کاریں رکھنے والے افراد میں شامل کرسکتا ہے۔
ماہرین پرانی کاروں کو تین اقسام میں تقسیم کرتے ہیں جن میں ونٹیج، کلاسک اور اینٹیک کاریں شامل ہیں۔
52 برس کے محمد وحدان کی ایک ٹورسٹ کمپنی ہے جو سیاحوں کو قدیم مقامات کی سیر کرواتی ہے، لیکن انہوں نے خود کو اپنے شوق کے ساتھ منسلک کر رکھا ہے۔
محمد وحدان کے کئی گیراج ہیں اور ان کی دیکھ بھال کے لیے مکینکس کی ایک ٹیم موجود ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا مسئلہ ان کاروں کی نمبر پلیٹس حاصل کرنا ہے۔ حکومتی اہلکاروں کو معلوم نہیں کہ انہیں کس طرح کلاسیفائی کرنا ہے۔
ان کے پاس سب سے پرانی کار 1924 ماڈل کی ٹی فورڈ ہے جو مصر کے آخری بادشاہ فاروق کی ملکیت تھی۔
اس کے علاوہ محمد وحدان کو پرانے ٹیلی فون، گرامو فون، پرانے اخبار اور مہریں جمع کرنے کا بھی شوق ہے۔
ان کی ایک کار کو 1930 کے زمانے کی عکاسی کرنے والی ایک ٹی وی سیریز میں دکھایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مصر میں پرانی کاریں جمع کرنے کا شوق بڑھ رہا ہے۔ بہت سے لوگ کلاسک کاروں کا شو دیکھنے آتے ہیں۔
محمد وحدان کی پسندیدہ کار 1970 ماڈل کی مرسڈیز ہے۔ دیگر کاروں کی طرح وہ اسے بھی زیادہ استعمال نہیں کرتے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ انہیں کبھی فروخت نہیں کریں گے۔