Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک، سعودی تعلقات کوئی بھی خراب نہیں کرسکتا، الزہرانی

پاکستان علماء کونسل کی طرف سے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ،پیغام اسلام کانفرنس کی کامیابی پر مبارکباد

 
اسلام آباد(پ ر) سعودی وزیر مذہبی امور کے مشیر خاص ڈاکٹر راشد الزاہرانی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں کوئی خرابی نہیں پیدا کر سکتا۔ سعودی عرب اور پاکستان کا امن اور استحکام ایک ہے ۔وہ اسلام آباد میں پاکستان علمائ کونسل کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اور فوج نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کو شکست دی ہے ۔ جس طرح پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دی ہے ،اسی طرح سعودی عرب نے عاصفۃ الحزم(فیصلہ کن طوفان) کے ذریعے عرب ممالک کے امن سے کھیلنے والوں کو شکست سے دو چار کیا ہے۔ سعودی وزارت مذہبی امور کے مشیر ڈاکٹر طلال العقیل نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں مظلوم مسلمانوں کی ترجمان بنی ہے ۔ سعودی عرب کی قیادت اور عوام میں پاکستان اور پاکستان کے علماء کیلئے ایک خاص مقام ہے ۔ ہم پیغام اسلام کانفرنس کی کامیابی پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علمائ کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مذہبی و سیاسی قائدین کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی ۔ داعش جیسے فتنوں نے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچایا ہے ۔ ترکی ، پاکستان اور سعودی عرب کا عالم اسلام کیلئے اہم کردار ہے ۔ مسلم ممالک کا عسکری اتحاد مسلم ممالک سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا ضامن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط فوج اور عوام کی وجہ سے پاکستان کو شام اورعراق بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوئیں۔پاکستان کی فوج نے عوام کے تعاون سے آپریشن ضرب عضب شروع کرکے پوری دنیا کے امن کو یقینی بنایا ہے ۔ آج پاکستانی فوج اور سلامتی کے ادارے آپریشن رد الفساد میں مصروف ہیں، جس کی کامیابی سے پاکستان مکمل محفوظ ریاست بن جائے گی ۔ شیخ الحدیث، ممتاز محقق ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے کہا کہ اسلام اعتدال کا دین ہے اور اسلام کے پیغامِ اعتدال کو پوری دنیا تک پہنچانا علماء اور مفکرین کی ذمہ داری ہے۔ علماء کو کسی قسم کی مصلحت اور خوف کے بغیر اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا تک پہنچانا چاہیے ۔صدر ترکی کے نمائندے کاشف نے کہا کہ امن اور سلامتی کیلئے پاکستان علماء کونسل کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ عشائیہ سے مولانا عبد الحمید وٹو، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا ادریس قاسمی ، مولانا طاہر عقیل ، قاری ممتاز ربانی ، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔
 
 
 
 

شیئر: