Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھیڑ خانی کرنے پر شیر نے ایک شخص کی انگلی کاٹ کھائی

عینی شاہد کے مطابق یہ شخص ظاہر کر رہا تھا کہ اس کی شیر کے ساتھ کافی دوستی ہے (فوٹو: لوپ نیوز)
جمیکا کے چڑیا گھر میں عملے کے ایک اہلکار کو شیر کے ساتھ چھیڑ خانی  مہنگی پڑ گئی۔ پنجرے میں ہاتھ ڈالنے پر شیر نے اس شخص کی انگلی چبا ڈالی۔
جمیکن اخبار جمیکا آبزرور کے مطابق انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ ویڈیو بنا رہے ہیں اور اہلکار پنجرے کی جالی میں سے اپنی انگلیوں کے ساتھ شیر کو چھیڑ رہا ہے۔
وہ شیر کے ساتھ ایسے چھیڑ خانی کر رہا ہوتا ہے جیسے وہ کوئی بلی ہو۔ شیر کے دھاڑنے کو نظر انداز کرتے ہوئے وہ اپنا کام جاری رکھتا ہے اور جیسے ہی وہ شیر کو چھوتا ہے تو شیر یک دم اس شخص کی انگلی کو اپنے طاقتور جبڑوں میں دبا لیتا ہے۔
وہ اپنی انگلی چھڑوانے کی بہت کوشش کرتا ہے، لیکن شیر اس کی انگلی کاٹ کھاتا ہے۔
واقعے کے ایک عینی شاہد کے مطابق یہ شخص ظاہر کر رہا تھا کہ اس کی شیر کے ساتھ کافی دوستی ہے۔ ’جب یہ سب ہو رہا تھا تو میں نے اسے مذاق سمجھا۔ میں نے اسے سنجیدہ نہیں لیا، کیونکہ عملے کے لوگ ایسا کرتے رہتے ہیں۔‘
’لیکن جب وہ شخص زمین پر گر گیا تو سب کو احساس ہوا کہ معاملہ بہت سنجیدہ ہے۔ شیر نے اس شخص کی آدھی انگلی کاٹ دی اور انگلی کی پوری جلد بھی اتر گئی۔‘
اس واقعے پر جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے تنقید کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چڑیا گھر لوگوں اور جانوروں کے لیے محفوظ ہے۔
بیان کے مطابق ’یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے جو کبھی پیش نہیں آنا چاہیے۔ ہم اس شخص کی ہر طرح سے مدد کر رہے ہیں۔‘
جمیکا چڑیا گھر کی انتظامیہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے اس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

شیئر: