Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسٹمز کی کارروائی، کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کے سامان سے امپورٹڈ اشیا ضبط

کسٹمز حکام کے مطابق پیر کو مسافروں کے سامان کو سکین اور چیک کیا گیا جس میں مختلف ممنوعہ اشیا برآمد کی گئیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کسٹمز حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر ممنوعہ اشیا کی سمگلنگ روکنے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے درآمدی بل کم کرنے کے لیے 19 مئی کو ان اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کی تھی۔
منگل کے روز ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف ممالک سے آنے والے مسافروں کے سامان کی تفصیل سے چیکنگ لی جارہی ہے۔
’پیر کے روز پاکستان پہنچنے والی مختلف پروازوں سے آنے والے مسافروں کے سامان کو سکین اور چیک کیا گیا جس میں مختلف ممنوعہ اشیا برآمد کی گئیں۔‘
کسٹم حکام کے مطابق ان میں 76 کلوگرام کھانے پینے کی اشیا، 127 کلوگرام فروٹ، اور 42 کلوگرام سینٹری کا سامان شامل ہے۔
’قبضے میں لی گئی اشیا میں 213 استعمال شدہ موبائل فونز اور برانڈڈ جوتوں کے 96 جوڑے بھی شامل ہیں۔‘
کسٹم حکام کے مطابق امپورٹ پالیسی آرڈر اور کسٹمز ایکٹ کے تحت ان اشیا کو ضبط کرلیا گیا ہے۔
’انفورسمنٹ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستقبل میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حکومت کی جانب سے پابندی لگائی گئی اشیا ایئرپورٹ سے سمگل نہ ہونے پائیں۔‘
پاکستان میں حکومت نے کن کن امپورٹڈ آئٹمز پر پابندی لگائی ہے؟
حکومت نے جن لگژری آئٹمز کی درآمد پر پابندی عائد کی ہے ان میں گاڑیوں اور موبائل فونز کے علاوہ دیگر کئی ایک اشیا بھی شامل ہیں۔

حکومت نے کاروں کی درآمد پر بھی پابندی عائد کردی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان میں ڈرائی فروٹ، گھریلو استعمال کی اشیا، برتن، ذاتی استعمال کے لیے ہتھیار، جُوتے اور ڈیکوریشن پیسز شامل ہیں۔
دروازوں اور کھڑکیوں کے فریم، ساسز، فروزن گوشت، پھل، کارپٹس، ٹشو پیپر، فرنیچر او میک اپ کے سامان کی درآمد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جن امپورٹڈ آئٹمز پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں شیمپو، چشمے، سگریٹس، چاکلیٹس، بیکری کی مصنوعات اور موسیقی کے آلات شامل ہیں۔
جیم، جیلی، شیونگ کے سامان، میٹرس، سلیپنگ بیگز، ہیٹر، کچن کے سامان، جوسز، آئس کریم، سینٹری آئٹمز، چمڑے سے بنی اشیا بھی پابندی کی زد میں آگئی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ ان اشیا کی درآمد پر پابندی سے حکومت کے درآمدی بل میں 6 ارب ڈالر کی کمی ہوگی۔

شیئر: