امارات میں ہاوسنگ سکیم کے لیے 11.5 ارب درہم مختص
سکیم میں 13 ہزار افراد کو قرضے دیے جائیں گے( فائل فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفراسٹریکچر سہیل المزروعی نے کہا ہے کہ وزارت آئندہ پانچ برسوں کے دوران ہاوسنگ سکیم کے تحت 13 ہزار افراد کو 11.5 ارب درہم کے قرضے دیے جائیں گے۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات کے وزیر نے کہا کہ قومی بینک 2022 سے 2026 تک 10.4 ارب درہم کے قرضے فراہم کریں گے۔ شیخ زاید ہاوسنگ سکیم 1.1 ارب درہم، بینکوں کا منافع ادا کرے گا۔
آئندہ تین برسوں کے دوران پہلے سے درخواست دہندگان کے معاملات پہلی فرصت میں نمٹائے جانے پر زور دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں شارجہ اور شمالی ریاستوں کے باشندوں کو ترجیحی بنیاد پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
سہیل المزروعی نے کہا کہ شیخ زاید ہاوسنگ سکیم بینکوں کی جانب سے رہائشی قرضوں کی لاگت ادا کرنے میں مدد دے گی۔ وزارت اضافی لاگت پیش کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت نے وزارت خزانہ کے ساتھ رہائشی قرضے جاری کرنے والے بینکوں سے متعلقہ امور طے کرلیے ہیں۔