دبئی کے شہریوں کے لیے ولاز اور پلاٹ، 6.3 ارب درہم کا رہائشی پیکیج جاری
اتوار 24 اپریل 2022 22:57
4 ہزار 610 شہریوں کو مکانات اور پلاٹس دیے جائیں گے (امارات الیوم)
امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی کے شہریوں کے لیے 6.3 ارب درہم کی لاگت کا رہائشی پیکیج جاری کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق رہائشی پیکیج کے تحت 4 ہزار 610 شہریوں کو مکانات اور پلاٹس دیے جائیں گے۔ حکومت 6.3 ارب درہم کی سرمایہ کاری کرے گی۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم چاہتے ہیں کہ ’دبئی کے شہری باوقار زندگی گزاریں اور خاندانی طور پر مستحکم ہوں۔ ان کا رہن سہن امارات کے آسائشی نظام سے ہم آہنگ ہو‘۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے رہائشی پیکیج کا اعلان عید الفطر کی آمد پر کیا ہے۔
انہو نے کہا کہ’ سماجی خدمات اور رہائشی سکیمیں حکومت کی ترجیح ہیں۔ خواہش ہے کہ امارات کے ہر شہری اور خاندان کی تمام ضرورتیں پوری ہوں۔ اسی پالیسی کے تحت چار ہزار 610 پلاٹس اور مکانات کی شہریوں کے لیے فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے‘۔
دبئی کے شمال مشرق میں مضافاتی علاقے الخویخ میں ایک ہزار 100 ولاز کے نئے ہاوسنگ کمپلکس کی منظوری دی گئی ہے۔ امارات کے شہری اس کے لیے گرانٹ اور قرضے حاصل کرسکیں گے۔