پاکستان کا حج آپریشن تعطل کا شکار، اگلے کئی دن تک شروع نہیں ہو سکےگا؟
پیر 30 مئی 2022 22:08
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
اس سال کل 81 ہزار پاکستانی حجاج روانہ ہوں گے جس میں سے 32 ہزار سرکاری سکیم جبکہ 48 ہزار پرائیویٹ سکیم کے تحت جائیں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کا اس سال کا حج آپریشن جسے آج (منگل) کو شروع ہونا تھا اب آئندہ کئی دن تک شروع نہیں ہو پائے گا کیونکہ پی آئی اے کی پہلی پرواز چار جون سے پہلے حج کے لیے روانہ نہیں ہو پائے گی۔
وزارت مذہبی امور اور ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق حج آپریشن کی تیاریاں مکمل نہیں ہو پائی ہیں اور پہلی پرواز اب 31 مئی کو روانہ نہیں ہو سکے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر ہوا بازی سعد رفیق کو بریفنگ میں پی آئی اے حکام نے بتایا تھا کہ حج آپریشن 31 مئی کو شروع ہو گا اور عازمین حج کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) 31 مئی سے 13 اگست تک پاکستان کے آٹھ اہم شہروں سے جدہ اور مدینہ منورہ کے لیے حج پروازیں روانہ کرے گی۔
تاہم سوموار کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے ایک اعلی افسر کا کہنا تھا کہ حج آپریشن کو شروع کرنے میں ابھی مزید کئی دن لگیں گے اور اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں کچھ تو حکومت پاکستان کے بس میں بھی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سے وزارت کا معاہدہ دو ہفتے قبل ہی طے ہو گیا ہے جس کے تحت حجاج کے کرائے بھی طے ہو چکے ہیں۔
لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور پر مشتمل نارتھ سیکٹر کے لیے ایک لاکھ 82 ہزار روپے کرایہ ہو گا جبکہ کوئٹہ کراچی پر مشتمل سائوتھ ریجن کے لیے کرایہ ایک لاکھ 72 روپے مقرر ہوا ہے۔
قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر مذہبی امور کی جانب سے کرایہ کم ہونے کی خوشخبری پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک تو جنوبی زون کے لیے سات لاکھ 91 ہزار تین سو روپے جبکہ شمالی زون کے لیے آٹھ لاکھ روپے ہی مقرر ہے جس میں جہاز کا کرایہ، سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ، کھانا اور رہائش وغیرہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں خطاب میں کہا تھا کہ اس سال حج اخراجات ان کی کاوشوں کی وجہ سے ساڑھے چھ لاکھ سے کم ہوں گے۔ تاہم وزارت کے حکام اس رعایت سے ناواقف نظر آتے ہیں۔
دوسری طرف پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک وزارت کی طرف سے حج پلان نہیں دیا گیا اور اس کے بعد ہی فلائٹس پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔
گزشتہ ہفتے پی آئی اے حکام نے بتایا تھا کہ ایئرلائن آٹھ بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور، کوئٹہ سے سعودی عرب کے جدہ اور مدینہ منورہ تک حج پروازیں چلائے گی اور حج کے لیے 13 اگست تک 297 پروازیں چلائی جائیں گی۔
وزیر ہوا بازی سعد رفیق نے اس مقصد کے لیے لاگ سٹوریج سے ایک بوئنگ 777 اور ایک ایئربس 320 کے حصول کا حکم دیا۔
اس سال کل 81 ہزار پاکستانی حجاج روانہ ہوں گے جس میں سے 32 ہزار سرکاری سکیم جبکہ 48 ہزار پرائیویٹ سکیم کے تحت جائیں گے۔