داخلی عازمین کے لیے حج پیکج اور بکنگ شیڈول آئندہ ہفتے متوقع
اس سال داخلی عازمین کے لیے تین کیٹگریز رکھی جائیں گی( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں داخلی عازمین حج کی کوآرڈینیشن کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے قائمقام چیئرمین ساعد الجھنی نے توقع ظاہر کی ہے کہ’ داخلی عازمین کے لیے حج پیکج اور بکنگ شیڈول کا آغاز آئندہ ہفتے سے کیا جائے گا‘۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام 120 سے گفتگو کرتے ہوئے قائمقام چیئرمین ساعد الجھنی نے کہا کہ’ اس سال داخلی عازمین کے لیے تین کیٹگریز رکھی جائیں گی جن میں ’منی ٹاورز ‘ ، ’ضیافہ ون ‘ اور ضیافہ ٹو‘ شامل ہے‘۔
’ ضیافہ ون اورٹو میں جو خیمے نصب کیے گئے ہیں وہ پہلی بار متعارف کرائے جائیں گے۔ ان خیمے ہوٹلوں کے کمروں کی طرح ہیں جن میں تمام سہولتیں مہیا کی جائیں گی‘۔
داخلی عازمین حج کوفراہم کی جانے والی خوراک کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’وزارت حج وعمرہ کی جانب سے فراہم کردہ گائیڈ لائن کے مطابق حاجیوں کواعلی معیار کا تازہ کھانا فراہم کیا جائے گا‘۔
یاد رہے کہ سعودی حکام کے مطابق رواں برس 10 لاکھ مقامی اور غیرملکیعازمین کو حج کی اجازت ہوگی۔
کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے گذشتہ دو برسوں میں حج کے موقع پر عازمین کی تعداد بہت کم تھی۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 58 ہزار745 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ کورونا کی وبا سے قبل اکثر حجاج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر جاتی تھی۔