سعودی عرب میں بدعنوانی کے الزام میں چار وزارتوں کے 41 عہدیدار زیرحراست
وزارت دفاع، داخلہ، وزارت اور بلدیات کےعہدیدارشامل ہیں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھہ) نے مئی 2022 میں رشوت، عہدے کے غلط استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزامات میں چار وزارتوں کے 41 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق نزاھہ نے تین ہزار853 تفتیشی دوروں کے دوران 161 افراد سے پوچھ گچھ کی۔ ان میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، وزارت صحت اور وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کےعہدیدارشامل تھے۔
نزاھہ نے بیان میں کہا کہ ’فوجداری کارروائی قانون کے مطابق 41 سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں سے بعض کو ضمانت پررہا کردیا گیا۔ ان پر رشوت،عہدے اور اثر و نفوذ کےغلط استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ ان کے خلاف کیسزعدالت میں پیش کرنے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے‘۔
نزاھہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے پھر اپیل کی کہ’ وہ سرکاری خزانے کو بدعنوانی سے بچانے میں تعاون کریں۔ اگران کےعلم میں مالیاتی یا انتظامی بدعنوانی کا کوئی واقعہ آئے تو اس کی اطلاع کریں‘۔