بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں 43 افراد گرفتار
پوچھ گچھ کے بعد بعض ملزمان کو چھوڑ دیا گیا ہے(فائل فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں کنٹرول اینڈ اینڈ کرپشن اتھارٹی (نزاھۃ) نے متعدد جرائم میں ملوث 43 افراد کو حراست میں لیا ہے ان سے 189 بدعنوانی کی سرگرمیوں سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق نزاھۃ نے بیان میں کہا کہ پوچھ گچھ کے بعد بعض ملزمان کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
بدعنوانی کی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے لیے تین ہزار 384 تفتیشی کارروائیاں کی گئی تھیں۔ رشوت، اثرونفوذ کے بے جا استعمال اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتاریاں ہوئی ہیں۔
نزاھۃ نے بیان میں کہا کہ زیر حراست افراد کا تعلق چھ وزارتوں سے ہے۔ وہ دفاع، داخلہ، صحت، انصاف، تعلیم اور بلدیات ودیہی و آباد کاری امور کی وزارتوں سے منسلک تھے۔
نزاھۃ نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ جب اور جہاں انہیں مالیاتی یا محکمہ جاتی بدعنوانی کا علم ہو یا کسی پر اس حوالے سے صحیح معنوں میں شبہ ہو تو پہلی فرصت میں نزاھۃ سے رابطہ کرکے مطلع کریں۔ ان کا یہ رابطہ قومی خزانے کو ضائع ہونے سے بچانے میں بڑا تعاون مانا جائے گا۔