نہ دلہا نہ بارات، انڈین لڑکی کی اپنے آپ سے شادی کی تیاریاں
کشما بندو نے پانچ وعدے بھی لکھے ہیں جو وہ مندر میں شادی کے دوران خود سے کریں گی۔ (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
کسی بھی دوسری دلہن کی طرح 24 سالہ کشما بندو بھی 11 جون کو اپنے خاص دن کے لیے تیار ہیں، لیکن اپنی شادی کے دن وہ خود سے ہی عہد و پیمان باندھے گی۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ ناقابل یقین لگ رہا ہے لیکن ’پھیروں‘ سے لے کر روایتی رسومات ادا کرنے اور یہاں تک کہ ورمالا پہننے تک شادی میں سب کچھ ہو گا۔
شادی میں نہ کوئی دولہا ہوگا اور نہ کوئی بڑی بارات۔ یہ گجرات میں غالباً اپنے آپ سے کی جانے والی پہلی شادی ہے۔
اپنی اس منفرد شادی کے حوالے سے کشما بندو کا کہنا ہے ’میں شادی نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن دلہن بننا چاہتی تھی۔ تو میں نے خود سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
انہوں نے یہ جاننے کے لیے آن لائن ریسرچ کی کہ کیا انڈیا میں کسی خاتون نے اس طرح کی شادی کی تھی لیکن انہیں کوئی حوالہ نہ مل سکا۔
کشما بندو کے مطابق ’شاید میں وہ پہلی ہوں جس نے خود سے محبت کی مثال قائم کی۔‘
’خود سے شادی اپنی ذات سے ایک عہد اور خود سے غیرمشروط محبت ہے۔ یہ خود کو قبول کرنے کا ایک عمل بھی ہے۔ لوگ کسی شخص سے محبت کے لیے شادی کرتے ہیں۔ میں خود سے پیار کرتی ہوں اس لیے یہ شادی کر رہی ہوں۔‘
کشما بندو نے پانچ وعدے بھی لکھے ہیں جو وہ مندر میں شادی کے دوران خود سے کریں گی۔
اس کے علاوہ دو ہفتوں کے لیے ہنی مون کے لیے گوا جانا بھی ان کے منصوبوں میں شامل ہے۔