نیگرل / جمیکا۔۔۔۔۔ آج کے دور میں جدید ٹیکنالوجی کے طفیل ڈرون گونا گوں مقاصد کیلئے استعمال ہورہے ہیں اور آسمان پر اپنی اجارہ داری رکھنے والے پرندوں کو یہ بات اچھی نہیں لگ رہی ۔ وہ اس صورتحال کو کس طرح دیکھتے ہیں ، اس کا اندازہ یہاں پیش آنے والے اس واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے کہ جہاں ایک انتہائی قوی الجثہ پیلیکن نے اپنے قریب اڑتے ہوئے ڈرون کو دیکھا اور اسے اتنا غصہ آیا کہ اس نے اس پر اچانک حملہ کرکے گرا دیا اور ڈرون ساحل پر گرتے ہی تباہ ہوگیا۔ اس موقع کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ریڈیو سے کنٹرول ہونے والا ڈرون اچانک حملے کی تاب نہ لاسکا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ ڈرون کسی فلمبندی کے پروجیکٹ کیلئے استعمال کیا گیا تھا۔ ڈرون ساحل پر گرنے کے باوجود پوری طرح تباہ نہیں ہوا یعنی اس قابل ہے کہ معمولی مرمت سے اسے درست کیا جاسکتا ہے۔ موقع کی عکسبندی کرنے والے فوٹوگرافر نے بتایا کہ وہ اطمینان سے ڈرون اڑا رہا تھا اور ساحل پر کھڑا اسے دیکھ رہا تھا ، اس نے پیلیکن کی جھلک بھی دیکھی لیکن یہ بات اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھی کہ یہ پرندہ ڈرون پر جھپٹے گا۔