Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ: اسلام آباد سے پہلی حج پرواز آج رات اڑان بھرے گی

’پشاور  سے تمام خصوصی اور گورنمنٹ حج فلائٹس کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے ری روٹ کیا گیا ہے۔‘ (فائل فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان میں روٹ ٹو مکہ 2022 حج آپریشن آج (اتوار کی) رات شروع ہورہا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اتوار کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت اسلام آباد سے پہلی پرواز 6 جون کو صبح ساڑھے تین بجے اڑان بھرے گی جبکہ دوسری پرواز رات ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہوگی۔
ملتان سے پہلی حج پرواز پیر کو شام ساڑھے چار بجے مدینہ کے لیے روانہ ہو گی جبکہ لاہور سے پہلی حج پرواز پیر ہی کو رات ایک بج کر 55 منٹ پر 220 حجاج کو لے کر مدینہ کے لیے روانہ ہو گی۔
وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ ’فیصل آباد ایئرپورٹ سے حج فلائٹس آپریٹ کرنے کے بارے میں ضرورت پڑنے پر بعد میں آگاہ کرے گی۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’پشاور  سے تمام خصوصی اور گورنمنٹ حج فلائٹس کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے ری روٹ کیا گیا ہے۔‘
خیال رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کے لیے شروع کیا گیا منصوبہ ’روٹ ٹو مکہ‘ اس سال پانچ ممالک کے لیے ہے۔ 
روٹ ٹو مکہ منصوبے کا یہ چوتھا سال ہوگا جس کے ذریعے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو ان کے ملکوں میں ہی امیگریشن کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ 
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس سال پانچ ممالک جن میں پاکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا، مراکش اور بنگلہ دیش شامل ہیں، کےعازمین حج کو روٹ ٹو مکہ منصوبے کے تحت مملکت لایا جائے گا۔
روٹ ٹو مکہ منصوبہ چار برس قبل شروع کیا گیا تھا جس کا تجرباتی آغاز انڈونیشیا سے کیا گیا بعد ازاں دوسرے برس ملائیشیا کے عازمین کو یہ سہولت فراہم کی گئی۔
 تیسرے برس تجرباتی طور پر پاکستان سے محدود تعداد میں عازمین کو یہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔ 
روٹ ٹو مکہ منصوبے کے تحت آنے والے عازمین حج کا امیگریشن ان کے ملکوں میں ہی کر لیا جاتا ہے جب یہ مملکت پہنچتے ہیں تو صرف بارکوڈ سکین کر کے انہیں بسوں میں سوار کر دیا جاتا ہے۔ 
منصوبے کے تحت آنے والے عازمین کا سامان بھی ان کے ملکوں سے ہی لے لیا جاتا ہے۔ انہیں مملکت آنے کے بعد سامان کے لیے پریشان نہیں ہونا پڑتا۔
 

شیئر: