Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کے لیے سب سے مہنگا اور سستا حج پیکیج، سہولتیں کیا ہیں؟

سب سے مہنگا ’منی پیکیج‘ ہے، فی کس 14 ہزار737 ریال لیے جائیں گے (فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے رواں سال اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے حج پیکیج  کے لیے تین زمرے متعارف کرائے ہیں۔ 
عکاظ اور اخبار 24 کے مطابق منی ٹاورز (ابراج منی) میں رہائش کا انتخاب کرنے والوں کے لیے سب سے مہنگا ’منی پیکیج‘ رکھا گیا ہے۔ فی کس 14 ہزار737 ریال لیے جائیں گے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔ 
منی پیکیج  لینے والےعازمین حج کو آمد ورفت کی سہولت ہوگی جبکہ حج مقامات کا سفر مشاعر مقدسہ ٹرین یا بس کے ذریعے ہوگا۔ 
عازمین کے لیے منی میں قیام کے دوران ناشتہ، لنچ اور ڈنرکا انتظام ہوگا۔ مشروبات مہیا ہوں گے۔
عرفات میں مشروبات کے ساتھ لنچ بوفے کا انتظام ہوگا۔ سونے کے لیے صوفہ کم بیڈ جبکہ زمین پر بستر بھی مہیا ہوگا۔ مزدلفہ میں اسفنج میٹریس ملے گا۔  ڈنرمیں خشک خوراک فراہم کی جائے گی۔
اوپن انٹرنیٹ کی سہولت، کلینک کا انتظام، مذہبی گائیڈ اور سکیورٹی گارڈز ہوں گے۔
دوسرے پیکیج ضیافہ ون کے تحت ایڈوانس خیموں میں رہائش کا انتظام ہوگا۔ عازمین کو آمدورفت اور عید کے دنوں میں مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت ہوگی۔ 
منی میں قیام کا انتظام مکہ کی کسی رہائشی عمارت میں کیا جائے گا۔ منی میں ناشتے، لنچ اور ڈنر میں بوفے کا اہتمام ہوگا۔ خشک اور ہلکی خوراک کا بھی انتظام ہوگا۔ میدان عرفات میں لنچ بوفے اور مشروبات کا انتظام ہوگا، صوفہ کم بیڈ اور زمینی بستر مہیا ہوگا۔
مزدلفہ میں فرشی بستر ملے گا۔ مشروبات اور خشک خوراک کا انتظام کیا جائے گا۔

ٹرانسپورٹ کا کرایہ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس الگ سے لیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اوپن انٹرنیٹ، کلینک کا انتظام، مذہبی گائیڈ اور سکیورٹی گارڈ ہمراہ ہوں گے۔ مشاعر مقدسہ میں بسوں یا ٹرین کے ذریعے آمدورفت کی سہولت ہوگی۔
تیسرا پیکیج ضیافہ ٹو کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔ عام خیموں کے اس پیکیج کی قیمت 10 ہزار 238 ریال ہے۔ ویلیو ایڈڈ  ٹیکس الگ سے ہوگا۔ 
 ضیافہ ٹو پیکیج کے تحت عام خیموں میں رہائش کا انتظام ہوگا۔ عازمین کو مشاعر مقدسہ میں ٹرین یا بس کے ذریعے سفر کی سہولت ہوگی۔
منی میں خیموں میں رہائش کا انتظام ہوگا۔ ناشتے، لنچ اور ڈنر بوفے کا انتظام ہوگا۔ عرفات میں صوفہ کم بیڈ کے علاوہ زمینی بستر کی سہولت بھی ہوگی۔ لنچ بوفے اور مشروبات کی سہولت دی جائے گی۔ مزدلفہ میں اسفنج کا میٹریس مہیا ہوگا۔
اوپن انٹرنیٹ کی سہولت، کلینک کا انتظام، مذہبی گائیڈ اور سکیورٹی گارڈ بھی ہوں گے۔
وزارت حج وعمرہ کے مطابق تینوں حج پیکیج میں حجاج سٹی سے مکہ پہنچنے کا کرایہ شامل نہیں۔ ٹرانسپورٹ کا کرایہ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس الگ سے لیا جائے گا۔ 

شیئر: