’عمران خان کا دامن صاف ہے تو فرح گوگی کو وطن واپس بلائیں‘
’عمران خان کا دامن صاف ہے تو فرح گوگی کو وطن واپس بلائیں‘
اتوار 5 جون 2022 16:36
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا ’فرح گوگی صاحبہ نے پورے پنجاب پر حکومت کی ہے کیونکہ انہیں عمران خان صاحب اور بشریٰ بی بی کا قرب حاصل تھا۔‘ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پنجاب حکومت کے ترجمان عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے اگر عمران خان کا دامن صاف ہے تو اگلی فلائٹ سے فرح گوگی کے وطن واپس آنے کا اعلان کریں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
اتوار کو لاہور میں مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پنجاب میں افسروں کی تعیناتیاں پیسوں کے عوض کی گئیں۔ (تعیناتیوں کے) ریٹ طے شدہ تھے اور ہر حوالے سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو پیسے بنانے کا ذریعہ بنایا گیا۔‘
انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’یہ صرف اسی لیے کیا گیا کہ بشریٰ بی بی نے اپنے خاوند کے ذریعے سرکاری وسائل اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے پیسے کمانے تھے۔‘
’فرح گوگی صاحبہ نے پورے پنجاب پر حکومت کی کیونکہ انہیں عمران خان صاحب اور بشریٰ بی بی کا قرب حاصل تھا۔‘
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کوئی یہ بتا سکتا ہے کہ کروڑوں کی جائیداد ہو اور اقتدار میں آتے ہی وہ آٹھ سے 10 ارب کی جائیداد آپ بنا لیں، عمران خان نیازی صاحب یہ بزنس ہمیں بھی بتا دیں۔
’پاکستان کے غریب عوام کو بتائیں کہ فرح گوگی نے آپ کے اور بشریٰ بی بی کے ذریعے اربوں روپے کی جائیداد کیسے بنائی؟‘
ترجمان پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’آپ نے ٹیکس چھوٹ دے کر ایمنیسٹی سکیم کے ذریعے 32 کروڑ روپے کی معافی نہیں دی؟ آپ نے بطور وزیراعظم اپنے بیوی کے کہنے پر اختیارات کا غلط استعمال کیا۔‘
انہوں نے کہا میں نے گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس کی تھی اور کہا تھا کہ یہ رشوت کیسے لیتے تھے۔
’یہ رشوت لیتے تھے اور ان پیسوں کو شو نہیں کرتے تھے۔ دبئی میں ہیرے بیچے جاتے تھے اور کہا جاتا تھا ہم نے دبئی میں جیولری بیچی ہے جس سے یہ پیسے آئے ہیں۔ وہ پیسے رشوت کے پیسے ہوتے تھے۔‘
عطا اللہ تارڑ نے بزنس ٹائیکون ملک ریاض اور ان کی بیٹی کی مبینہ آڈیو کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’ایک آڈیو آئی ہے جس میں یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی کہ کس طریقے سے عمران خان، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی کا جو ٹرائیکا ہے، نے اربوں روپے کمائے۔ یہ منی لانڈرنگ ہیروں کے ذریعے ہوتی تھی۔‘
’کروڑوں کے ہیرے بیچے اور اس بلیک منی کو وائٹ کیا گیا۔ یہ سب دبئی میں ہوا۔‘
واضح رہے کہ ملک ریاض اور ان کی بیٹی کی مبینہ آڈیو میں ’فرح گوگی کی وساطت سے بشریٰ بی بی کو ہیرے کی انگوٹھی دیے جانے کی بات ہو رہی ہے۔‘
ملک ریاض نے اپنی مبینہ آڈیو کی تردید کردی
دوسری جانب پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے اپنی مبینہ آڈیو کی تردید کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ڈیپ فیک جیسی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسی آڈیوگفتگو مصنوعی طور پر تیار کرنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔
ملک ریاض کا کہنا ہے کہ میں کسی پارٹی کی مہم کا حصہ بننا نہیں چاہتا، ذاتی دشمنی کے لیے میری آڈیو کا استعمال افسوس ناک ہے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ وہ اپنے خلاف اس سازش میں ملوث عناصرکی تلاش کے لیے قانونی راستے اختیار کریں گے۔