Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں انٹرپول کو انتہائی مطلوب انڈین نژاد دو مشتبہ افراد گرفتار

دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ انٹرپول کی جانب سے ’ریڈنوٹس‘ موصول ہونے کے بعد ان دونوں بھائیوں کی گرفتاری عمل میں آئی (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں حکام نے انٹرپول کو انتہائی مطلوب دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ان بھائیوں پر جنوبی افریقہ میں صدر جیکب زوما کے دور حکومت میں سیاسی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔
دبئی پولیس کے ایک بیان کے مطابق اتل اور راجیش گُپتا کو ’جنوبی افریقہ میں منی لانڈرنگ اور فوجداری الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔‘
انڈین نژاد بھائیوں اور ان کے ایک تیسرے بھائی اجے 2018 میں جنوبی افریقہ سے اس دوران فرار ہوئے جب صدر جیکب زوما ان الزامات کے تحت صدارت سے استعفیٰ دے دیا تھا کہ وہ ریاستی کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن کی نگرانی کرتے رہے ہیں۔
اس دوران صدر جیکب زوما کے کرپشن میں ملوث ہونے کی الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک جوڈیشل کمیشن بھی قائم کیا گیا تھا۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ انٹرپول کی جانب سے ’ریڈنوٹس‘ موصول ہونے کے بعد ان دونوں بھائیوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔
’دبئی پولیس نے ملزمان کی بے دخلی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے جنوبی افریقہ میں حکام سے تعاون حاصل کیا۔‘
پولیس نے فوری طور پر اجے گپتا کی موجودگی کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
گرفتار ہونے والے دونوں بھائیوں پر الزام ہے کہ انہوں ںے جیکب زوما کے ساتھ تعلق کو استعمال کرتے ہوئے سرکاری کنٹریکٹس حاصل کیے۔

ان بھائیوں پر جنوبی افریقہ میں صدر جیکب زوما کے دور میں سیاسی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’ریاستی وسائل اور فنڈز کا غلط استعمال کیا اور کابینہ ارکان کے تقرر پر اثرانداز ہوئے، تاہم دونوں ملزمان کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی۔‘
واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے 2019 میں تینوں گُپتا بھائیوں کو اِن الزامات کی بنیاد پر پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا کہ ’یہ کرپشن کے ایک اہم نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔‘
اس پابندی کے بعد امریکی اداروں کو ان افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کا کاروبار کرنے اور لین سے روک دیا گیا تھا۔

شیئر: