سنگاپور میں دوست کی انگلی دانتوں سے کاٹنے پر انڈین شہری کو جیل
دانستہ طور پر تکلیف پہنچانے والے کو 10 سال تک کی جیل بھی ہو سکتی ہے۔ فوٹو: ان سپلیش
سنگاپور میں ایک انڈین شہری نے اپنے دوست کی چھوٹی انگلی دانتوں سے کاٹ لی جس کی وجہ سے اس کو 10 ماہ قید کی سزا ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق 31 سالہ لوگن گووندراج نے اپنے 42 سال کے ساتھی متھو سیل وام کی چھوٹی انگلی دانتوں سے کاٹ کر الگ کر دی، جو جائے وقوعہ سے ملی۔
سنگاپور کے اخبار سٹریٹس ٹائمز کے مطابق ڈاکٹر متھو سیل وام کی انگلی واپس نہیں جوڑ سکے۔
سنگاپور کے شمالی ساحل کے قریب کرانجی کریسنٹ کے ایک صنعتی علاقے میں چھ دسمبر 2020 کی شام ساڑھے چار بجے لوگن گووندراج متھو سیل وام سے ملنے پہنچے تھے۔
عدالت میں سماعت کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت لوگن گووندراج نے بیئر کے تین کین پیے تھے اور نشے کی حالت میں متھو سیل وام پر نازیبا حرکات کا الزام لگاتے ہوئے اس کو ڈانٹنا شروع کر دیا۔
جب دونوں بس سے نیچے اترے تو لوگن گووند راج نے متھو سیل وام کا راستہ روکا، جس نے اسے دھکا دیا۔
نائب پبلک پراسکیوٹر میلیسہ لی نے عدالت کو بتایا کہ ’ملزم نے متاثرہ شخص کو تکلیف پہنچانے کے لیے اس کی چھوٹی انگلی کاٹ لی۔‘
متھو سیل وام جس کی انگلی سے خون بہہ رہا تھا، نے لوگن گووندراج کو سر پر مارا اور اس کا گریبان پکڑا۔
اس کے بعد متھو سیل وام نے ساتھیوں کی مدد سے ایمبولینس بلایا اور اس کو ہسپتال پہنچایا گیا۔
واضح رہے کہ کسی کو دانستہ طور پر تکلیف پہنچانے والے کو 10 سال تک کی جیل، جرمانہ یا کوڑہوں کی سزا ہو سکتی ہے۔