پولیس کانسٹیبل کمال احمد پر فائرنگ کے ملزم کی درخواست ضمانت منظور
دونوں ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا (فائل فوٹو: پنجاب پولیس)
گذشتہ ماہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے قبل کریک ڈاؤن کے دوران پولیس کانسٹیبل کمال احمد پر فائرنگ کے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی گئی ہے۔
سنیچر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے ملزم کی ضمانت ایک لاکھ مچلکے پر منظور کی ہے۔
واضح رہے کہ 24 مئی کو لانگ مارچ سے قبل چھاپوں کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ملزم سید ساجد حسین اور عکرمہ بخاری نے رات کو گھر میں گھسنے پر پولیس اہلکار کمال احمد پر فائرنگ کردی تھی جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔
ملزم سید ساجد بخاری کی درخواست ضمانت پر وکیل سید فرہاد شاہ نے دلائل مکمل کیے۔ وکیل فرہاد شاہ نے عدالت سے کہا کہ ’ہمیں صرف سیاسی بنیادوں پر ملوث کیا گیا ہے۔‘
پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ ’ملزمان سے آلہ قتل سمیت دیگر ضروری تفتیش کی ہے۔ ملزمان سے تفتیش اور برآمدگی مکمل ہے۔‘
ملزم سید ساجد حسین اور عکرمہ بخاری کے خلاف دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔